نیت کی درستگی اور قلبی لگاؤ عبادت کی قبولیت کی علامات ہیں : ڈاکٹر محمد طاہر القادری

توجہ اور یکسوئی انسانوں کو کسی کام اور فن میں کمال تک پہنچا دیتی ہے
تحریک منہاج القرآن کے زیرا ہتمام ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی (ص) کے روحانی اجتماع سے ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا کینیڈا سے بذریعہ ویڈیو کانفرنس خطاب

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلی و پاکستان عوامی تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ نیت کی درستگی اور قلبی لگاؤ عبادت کی قبولیت کی علامات ہیں۔ یکسوئی کے بغیر عبادت کا نور نصیب نہیں ہوتا۔ اللہ کی قربت میں مادیت پرستی حائل ہے جب تک بندہ مادی غلاظتوں اور دنیا کی حقیقتوں سے واقف نہیں ہو جاتا۔ وہ اللہ تعالی کی معرفت تک رسائی نہیں پاسکتا۔ اللہ والے شیطان کے فریب، دنیا کی چمک، نفس کی تباہ کاریوں سے بچ کر اپنی پاکیزہ زندگیوں کی حفاظت کرتے ہیں اور اللہ تعالی کی رضا کے لیے زندگی گزارتے ہیں یہی سب سے بڑا انعام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام ہونے والی مرکزی سیکرٹریٹ میں ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے روحانی اجتماع سے کینیڈا سے بذریعہ ویڈیو کانفرنس خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن مسکین فیض الرحمان درانی، ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، سینیئر نائب ناظم اعلی شیخ زاہد فیاض، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، جواد حامد، عاقل ملک، سید فرحت حسین شاہ، امیر لاہور ارشاد احمد طاہر اور دیگر مرکزی قائدین بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ ہم زندگی میں بہت سی بے فائدہ اور غیر ضروری باتوں اور چیزوں میں دلچسپی لیتے ہیں اور دنیا و مافیھا کو بھول جاتے ہیں۔ مگر عبادت کرتے وقت سارے جہاں کے خیالات اور تفکرات کو اپنے دماغ میں لے آتے ہیں۔ اس طرح ہماری عبادت کی روح تک رسائی نہیں پہنچتی۔ انہوں نے کہا کہ توجہ اور یکسوئی انسانوں کو کسی کام ا ور فن میں کمال تک پہنچا دیتی ہے۔ اللہ تعالی کی بندگی اور دعاؤں میں بندہ جب ہر چیز کو بھول کر اللہ تعالی کے تصور میں گم ہو جاتا ہے تو اسے روحانی لذتوں اور روحانی بصیرت سے واسطہ پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب عبادت کے نور اور کیف سے انسان اللہ تعالی کا صحیح بندہ بن جاتا ہے تو وہ اللہ تعالی کی مخلوق کے لیے نفع بخش بن جاتا ہے۔ انسانیت کی فلاح و بہبود عبادت کا جوہر ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے آخر پر اجتماعی توبہ اور دعا کروائی۔ جس میں انہوں نے پاکستان میں موجودہ حالات میں مختلف بحرانوں اور دہشت گردی کی حالیہ لہر کے حوالے سے خصوصی دعا کی۔ انہوں نے کہا اللہ تعالی پاکستان اور یہاں بسنے والوں کو سلامتی، امن اور استحکام عطا فرمائے۔ آمین

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top